بابا فرید

بابا فرید نے شاعری میں وحدت انسانیت کی بات کی ہے، اسلم راہی

Your browser may not support display of this image.

Your browser may not support display of this image. Your browser may not support display of this image. Your browser may not support display of this image. بابا فرید نے اپنی شاعری کے ذریعے وحدت انسانیت کی بات کی ہے۔ انہوں نے خالق سے عشق، اس کی مخلوق سے پیار اور دنیا کی ہوس سے نفرت کی تعلیم دی ہے۔ یہ بات اردو زبان کے معروف ناول نگار اور محقق اسلم راہی نے اکادمی ادبیات پاکستان صوبہ سندھ کے زیر اہتمام برصغیر کے عظیم صوفی شاعر بابا فرید گنج شکر کی یاد میں منعقدہ ایک سیمینار میں صدارتی خطاب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ بابا فرید نے اپنی خانقاہ جو ایک اقامتی یونیورسٹی کا درجہ رکھتی تھی، میں عقل، علم اور عشق کی تعلیم دی۔ معروف اسکالر اکرم کمبوہ نے کہا کہ بابا فرید کو خدا نے وہ چشم بینا عطا کی تھی، جس سے وہ لوگوں کے دلوں کو پڑھ لیتے تھے اور ان کی اصلاح کرتے تھے اور ان کی صحبت میں آدمی انسان بن جاتا تھا۔ معروف نقاد نذیر احمد چنہ نے کہا کہ بابا فرید نے اپنی شاعری میں تدبیر پر تسلیم کو فوقیت دی ہے اور توڑنے کی بجائے جوڑنے کی تعلیم دی ہے۔ خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران کے کلچرل اتاشی آغائے جولندی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان مشترکہ ورثہ ہمارے صوفی بزرگان ہیں اور ان کی شاعری اور ملفوظات کا منبع فارسی زبان ہے اور ان بزرگوں کے مکاتب فکر نے مقامی اثرات قبول کر کے مقبولیت حاصل کی اور لاکھوں عوام الناس کا تزکیہ کیا۔ پنجابی زبان کے معروف ادیب اور نقاد اشفاق نابر نے کہا کہ اسلام اور انسانیت کی خدمت سلاطین نے نہیں بلکہ صوفیائے کرام نے کی ہے۔ سلاطین اپنی سلطنت کو وسیع کرنے کے لئے فتوحات کرتے تھے، جبکہ صوفیا کرام دلوں کو فتح کرتے تھے۔ اکادمی ادبیات پاکستان سندھ کے ریزیڈنٹ ڈائریکٹر آغا نور محمد پٹھان نے کہا کہ بابا فرید نے قاضی قادن سے پہلے سندھی زبان میں شاعری کی ہے۔ اس لحاظ سے وہ سندھی زبان کے اولین شاعر تھے اور ان کی شاعری کی زبان آج بھی تازہ اور قابل فہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تصوف اسلام کا سرچشمہ قوت اور صوفیائے کرام وحدت انسانیت کے علمبردار رہے ہیں۔ آخر میں سندھی زبان کے معروف سگھڑ شعراء حاجی علی نواز وگن اور بشیر احمد جمالی نے شاہ عبدالطیف بھٹائی کا کلام سنا کر سامعین کو محظوظ کیا۔

روزنامہ جنگ کراچی ۲فروری۲۰۱۰